نئی دہلی 22/مئی (ایس او نیوز) وزارت داخلہ نے بدھ کو ملک کے تمام ریاستی حکومتوں کو چوکنا کیا ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کے دوران ملک کے کئی حصوں میں فسادات بھڑک سکتے ہیں۔ وزارت داخلہ کی جانب سے ریاستی حکومتوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ جمعرات کو ووٹوں کی گنتی کے موقع پر ضروری حفاظتی اقدامات کریں بالخصوص ووٹوں کی گنتی کے مراکز اور اسٹرانگ روم کے اطراف سیکوریٹی کو بڑھائیں۔
مرکزی وزیر برائے اُمور داخلہ رج ناتھ سنگھ نے صوبائی حکومت کے چیف سکریٹریوں اور ڈی جی پی کو ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ جہاں جہاں ووٹوں کی گنتی ہونی ہے وہاں حفاظت کے سخت انتظامات کئے جائیں اور ان تمام مقامات پر زیادہ توجہ دی جائے جہاں حالات خراب ہونے کے زیادہ خدشات ہیں۔
ذرائع سے خبر ملی ہے کہ جو الرٹ جاری کیا گیا ہے، اس سے قبل اس طرح کے الرٹ کی نظیر نہیں ملتی۔ ذرائع کے مطابق مرکزی ایجنسیوں کو اشارے ملے ہیں کہ بعض آرگنائزیشن اور بعض لوگوں نے بالخصوص اُترپردیش، مغربی بنگال، بہار اور تریپورہ میں ایسے بیانات دئے ہیں جس کو دیکھتے ہوئے اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ ووٹوں کی گنتی کے موقع پر تشدد بھڑک سکتا ہے۔
ایک سنئیر اپوزیشن لیڈر کا اس تعلق سے کہنا ہے کہ ووٹوں کی گنتی کے دوران جیسے ہی بی جے پی کو لگے گا کہ وہ انتخابات ہار رہی ہے تو بی جے پی ہی فسادات برپا کرسکتی ہے، مگر بی جےپی نے اس بات کو بکواس قرار دیا ہے۔